ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریاستوں میں اقلیتوں کی شناخت سے متعلق عرضی کا جواب نہ دینے پر مرکز کو سپریم کورٹ کی پھٹکار،جرمانہ

ریاستوں میں اقلیتوں کی شناخت سے متعلق عرضی کا جواب نہ دینے پر مرکز کو سپریم کورٹ کی پھٹکار،جرمانہ

Tue, 01 Feb 2022 13:24:08    S.O. News Service

نئی دہلی،یکم فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) سپریم کورٹ نے ریاستی سطح پر اقلیتوں کی شناخت کے لیے ہدایات دینے سے متعلق مفاد عامہ کی عرضی کا جواب دینے کے لیے کئی مواقع دینے کے باوجود حکومت کی طرف سے جواب داخل نہ کرنے پر پیر کے روز مرکزی حکومت کی سرزنش کی اور اس پر 7500 روپے کا جرمانہ عائد کیا۔

جسٹس سنجے کشن کول اور ایم ایم سندریش کی بنچ نے کہا کہ یہ غیر مناسب ہے کہ عدالت کی طرف سے مرکز کو 7 جنوری 2022 کو عرضی کا جواب دینے کا آخری موقع دینے کے باوجود ابھی تک اپنا جواب داخل نہیں کیا گیاہے۔

سپریم کورٹ نے اقلیتی تعلیمی اداروں کے قانون، 2004 کے تحت قومی کمیشن کے سیکشن 2(ایف) کے جواز کو چیلنج کرنے والی عرضی پر اپنا جواب داخل نہ کرنے پر مرکز کی کھنچائی کی۔

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر اشونی کمار اپادھیائے کی طرف سے دائر درخواست میں ریاستی سطح پر اقلیتوں کی شناخت کے لیے مرکز سے ضروری ہدایات دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ 10 ریاستوں میں ہندو اقلیت میں ہیں اور وہ اقلیتوں کے لیے بنائی جانے والی اسکیموں کا فائدہ نہیں اٹھا پا رہے ہیں۔

پی آئی ایل میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ اروناچل پردیش، لداخ، میزورم، لکشدیپ، کشمیر، ناگالینڈ، میگھالیہ، پنجاب اور منی پور میں یہودیت، بہائیت اور ہندو مت کے پیروکار اقلیت میں ہیں، لیکن حکومت کی اسکیموں میں اقلیت کے طورپر انہیں فائدہ نہیں مل رہا ہے۔ درخواست میں اپیل کی گئی ہے کہ اقلیتوں کی نشاندہی کی جائے اور انہیں اپنی پسند کے تعلیمی ادارے قائم کرنے کا موقع دیا جائے۔

سماعت کے دوران، مرکزی حکومت کے وکیل نے جواب داخل نہ کرنے کے لیے کووڈ- 19 کا حوالہ دیا۔ اس پر بنچ نے کہا کہ سب کچھ ہو رہا ہے۔ آپ جو کچھ کرنا چاہتے ہیں اس کے لیے آپ کو واضح راستے کا انتخاب کرنا ہوگا۔ سپریم کورٹ اب اس معاملے کی آئندہ سماعت مارچ میں کرے گا۔


Share: